وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کی پہلی مشترکہ اقتصادی ذیلی کمیٹی کے ورچوئل اجلاس میں گفتگو

وفاقی وزیرخزانہ محمد اسحاق ڈار کا ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کا دورہ،بورڈ کے سینئر افسران سے ملاقات

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان سماجی، سیاسی، مذہبی اور ثقافتی شعبوں میں غیر معمولی تعلقات قائم ہیں، باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو مزیدفروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز کے ساتھ سعودی – پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کی پہلی مشترکہ اقتصادی ذیلی کمیٹی کے ورچوئل اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ وزارت خزانہ،سرمایہ کاری بورڈ میری ٹائم، ایوی ایشن، آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، پیٹرولیم و پاور ڈویژن اوروزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ سعودی عرب کے وزیرتوانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستانی وفد کا خیر مقدم کیا اور دونوں دوست ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کی گہرائی اوروسعت پر روشنی ڈالی۔

فریقین نے پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان دیرینہ، مضبوط تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات پراطمینان کااظہارکیا۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب کی حکومت کا حکومت پاکستان کے ساتھ عزم و لگن پر شکریہ ادا کیا اور مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات پرروشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سماجی، سیاسی، مذہبی اور ثقافتی شعبوں میں غیر معمولی تعلقات ہیں اور باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید مضبوط کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔

فریقین نے تعاون کی وسیع سطح کے حصول اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے حالیہ دورہ کاذکرکرتے ہوئے کہاکہ اس دورے میں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے زبردست سیاسی عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔

اجلاس میں فریقین نے توانائی، صنعت، معدنی وسائل، تجارت، مالیات، سرمایہ کاری سیاحت، مواصلاتی معلومات وٹیکنالوجی، زراعت، فوڈ سیکورٹی، ٹرانسپورٹیشن، لاجسٹکس اور میری ٹائم سمیت باہمی تعاون اور اشتراک کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔فریقین نے ان شعبوں میں دو طرفہ تعاون میں زیادہ سے زیادہ پیش رفت کو یقینی بنانے کیلئے اگلے ہفتے فالو اپ میٹنگ منعقد کرنے پر اتفاق کیا تاکہ تاکہ سعودی عرب کے ولی عہد اوروزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے اگلے ماہ کے دورہ کے دوران اہم معاہدوں پر دستخط کیے جا سکیں۔