اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے سرمایہ کاری بورڈ کومتعلقہ وزارتوں اورصوبائی حکومتوں کی مشاورت سے پراجیکٹ ڈویلپمنٹ پر توجہ مرکوزکرنے اورپاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہش مندسعودی سرمایہ کاروں سے بات چیت کوحتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔
وزیرخزانہ نے یہ بات جمعرات کویہاں سرمایہ کاری بورڈکے چیئر مین اظفراحسن اورسعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خرم راٹھورسے ملاقات میں کہی۔اس موقع پردیگر سینئر افسران بھی موجودتھے۔
اجلاس میں پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کے حوالہ سے اہم شعبہ جات کاجائزہ لیاگیا۔
سرمایہ کاری بورڈکے چئیرمین اظفراحسن اورسعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خرم راٹھور نے بتایا کہ سعودی عرب کی حکومت اورسرمایہ کاردونوں پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں،حکومتوں وسرمایہ کاروں اورنجی شعبہ جات کے درمیان سرمایہ کاری کی وسیع استعدادموجودہے اورسعودی عرب کی بزنس کمیونٹی پاکستان میں ریفائنریز، زراعت، آئی ٹی، سیمی کنڈکٹرز اور مینوفیکچرنگ کے شعبہ جات میں کاروباراورسرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لے رہی ہے
،وزیرخزانہ نے سرمایہ کاری بورڈ کومتعلقہ وزارتوں اورصوبائی حکومتوں کی مشاورت سے پراجیکٹ ڈویلپمنٹ پر توجہ مرکوزکرنے اورپاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہش مندسعودی سرمایہ کاروں سے بات چیت کوحتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔
وزیرخزانہ نے اس ضمن میں سعودی عرب میں پاکستان کے سفارت خانہ کی کوششوں کوسراہا۔انہوں نے استعدادکارمیں بہتری کیلئے سرمایہ کاری بورڈ اورسعودی سفارت خانہ کووزارت خزانہ کی جانب سے مکمل تعاون کایقین دلایا۔