وزیر اعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے’عمران خان پی ٹی آئی کشمیر آپ کے ساتھ ہے’ریلی نکالی گئی

وزیر اعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے'عمران خان پی ٹی آئی کشمیر آپ کے ساتھ ہے'ریلی نکالی گئی

مظفرآباد۔10مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن راجہ منصور خان کی قیادت میں ‘عمران خان پی ٹی آئی کشمیر آپ کے ساتھ ہے’ریلی نکالی گئی۔اس موقع پر فضاء دیکھو دیکھو کون آیا پی ڈی ایم کا شکاری آیا، عمران تیرے جان نثار بے شمار بے شمار ، عمران خان قدم بڑھاؤ عوام تمارے ساتھ ہے جیسے فلک شگاف نعروں سے گونج اْٹھی۔

پی ٹی آئی سیکرٹریٹ سے نکلنے والی ریلی جلسہ کی شکل اختیار کر گئی ۔ اس موقع پر راجہ منصور خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے بارے کئی سال پہلے ایک بات کہی تھی کے اندر سے یہ سب ملے ہوئے ہیں ، انہوں نے باریاں لگائی ہوئی ہیں اور آخر میں یہ سب میرے خلاف اکھٹے ہو جائیں گے ، آج وہ بات ثابت ہو گئ ہے، ایک دوسرے کا پیٹ پھاڑنے والے آج ایک دوسرے کو دعوتیں کھلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جس طرح وزیراعظم عمران خان نے غریبوں کے لیے اقدامات شروع کیے ہیں اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ وزیراعظم عمران خان وہ ہیں جو مفت علاج کے لیے صحت کارڈ دے رہے ہیں ،جو بے گھر لوگوں کے لیے پناہ گاہیں بنا رہے ہیں، جو بھوکے لوگوں کے لیے لنگر خانے کھول رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس جرات مندی کیساتھ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اورجس تیزی سے پاکستان کا وقارعالمی سطح پر بلند ہو رہا ہے اسکی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں کورونا وبائ کی وجہ سے معیشتیں تباہ ہوئیں لیکن وزیراعظم عمران خان کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے پاکستان کی معیشت بہتر ہوئی اور وزیراعظم عمران خان کے اقدامات کی دنیا میں تعریف کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے مغرب میں کھڑے ہو کر اسلامو فوبیا پر بات کی اور اسلامی دنیا کے لیڈر کے طور پر خود کو منوایا۔وزیراعظم عمران خان ناموس رسالت ﷺکے لیے کھڑے ہوئے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی ترجمانی کی ۔

وزیراعظم عمران خان کے احساس پروگرام اور بلین ٹری پراجیکٹ کے چرچے ساری دنیا میں ہیں۔چالیس سال بعد او آئی سی اجلاس کا سہرا بھی وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے ، وزیراعظم عمران خان کی کامیابیاں اپوزیشن کو ہضم نہیں ہو رہیں اسی لیے اس کرپٹ ٹولے کو مروڑ اٹھ رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان ایک بہترین نظام بنانے کی جدوجہد کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج آزادکشمیر میں صرف وزیراعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی نہیں کر رہے بلکہ پاکستان کے بہتر مستقبل کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔

کشمیریوں کے سفیر اور ترجمان کیساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سابق امیدوار اسمبلی راجہ الیاس، چئیرمین زکوٰۃ کونسل ضلع مظفرآباد میر عدیل احمد، عبدرالرزاق خان، سید چن شاہ ، فاروق اشرف اعوان، عمران خورشید اعوان، ملک عنایت، چوہدری ذوالقرنین، عاصم مرزا، راجہ نوید، راجہ عامر ، عاقب سفیر ایڈووکیٹ، فرح ناز، عالیہ ایڈووکیٹ اور دیگر سینکڑوں کارکنان موجود تھے۔