اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی) وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے حملے کو ناکام بنانے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے افسر، کرنل مجیب الرحمان کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔