وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات کا اپنے مرکزی دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد

70
وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات کا اپنے مرکزی دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد

فیصل آباد۔16مئی (اے پی پی):وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اتوار کے روز اپنے مرکزی دفترسمن آباد فیصل آباد میں کورونا ایس او پیز کے مطابق کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مسائل سننے سمیت ان کے فوری حل کی یقین دہانی کروائی جبکہ کچھ مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے۔ اس دوران حلقہ کے معززین نے انہیں بجلی،گیس سیوریج و بعض و یگر مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

فرخ حبیب نے مسائل کے حل اور حلقہ میں مزید سہولیات کی فراہمی کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں ترقیاتی کاموں پر برق رفتاری سے کام جاری ہے جن کی تکمیل سے لوگوں کے دیرینہ مسائل حل ہوسکیں گے۔ اس دوران حلقہ کے چک نمبر235 ر ب نیاموآنہ فیصل آبادسے تعلق رکھنے والے لوگوں نے وزیرمملکت کی جانب سے بجلی کی سہولت سے محروم علاقوں کو بجلی کی فراہمی اور وہاں نئے کنکشنز کی تنصیب پر ان کا شکریہ ادا کیااورکہاکہ ان کا دیرینہ مطالبہ پورا کر کے انہوں نے علاقہ کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔

فرخ حبیب نے بتایا کہ حلقہ میں تعمیر و ترقی،فراہمی و نکاسی آب،سوئی گیس،بجلی سمیت دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کیلئے ان کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں جبکہ نہ صرف وہ عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے بلکہ حلقہ کو ہر لحاظ سے مثالی بنانے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لا یا جا ئے گا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ مختلف مقامات پر گراؤنڈز کی تعمیر و مرمت کے کام کابھی جلد آغاز کر دیا جائے گانیز فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کیلئے ماسٹر پلان تیار کیا جارہا ہے جس پر جلد ہی عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ حلقہ کے عوام سمیت سب کی بلاتفریق خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے ملاقات کیلئے آنیوالے معززین علاقہ، پارٹی کارکنان اور شہریوں کو کورونا ایس او پیز پر نہ صرف خود عمل کرنے بلکہ دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دینے کی ہدایت کی تاکہ اس وبا پر قابو پانے سمیت سب کی زندگیاں محفوظ رکھنے میں مدد مل سکے۔