وزیرمملکت برائے سیاحت وصی شاہ کی کوہ پیما ئوں اور پورٹرز کی تربیت کیلئے خصوصی تربیتی سنٹر قائم کرنے اور ان کی انشورنس کیلئے اقدامات کی ہدایت

166

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):وزیرمملکت برائے سیاحت/ چیئرمین پی ٹی ڈی سی وصی شاہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کوہ پیمائوں اور ان کے ساتھ چوٹیاں سر کرنے والے پورٹرز کی تربیت کے لیے خصوصی تربیتی سنٹر قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی انشورنس کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے گزشتہ دنوں کے ٹو سر کرنے کی ایک مہم کے دوران اونچائی سے گر کر جاں بحق ہونے والے پورٹرمحمد حسن کی وفات پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے پورٹرز کے لیے کم ازکم تیس لاکھ روپے تک بیمہ سکیم تیار کرنے کے لئے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی جاری کی،واضح رہے کہ پورٹرز کی انشورنس کا ابھی تک کوئی باقاعدہ انتظام نہیں ہے۔

وزیر مملکت وصی شاہ نے اس بات پر بھی حیرت اور افسوس کا اظہار کیا کہ رپورٹرز کی تربیت کے لئے اب تک کوئی باقاعدہ ادارہ کیوں قائم نہیں کیا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی ڈی سی ہیڈ آفس میں کوہ پیماوں کی تربیت اور پورٹرز کی فلاح و بہبود کے حوالے سے منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا، منیجر پی اینڈ پی سعدیہ نعمان، الپائن کلب پاکستان کے صدر ابو ظفر، گلگت بلتستان ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ساجد حسن سمیت ٹور آپریٹرز کے نمائندے اور دیگر نے شرکت کی۔ ایم ڈی پاکستان ٹورزم کارپوریشن نے سکردو واقعے کی تفصیل سے آگاہ کیا جبکہ الپائن کلب کے صدر نے کوہ پیمائی کے مختلف ڈسپلنز کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اسی طرح ممبر انوسٹی گیشن نے ریسکیو کے لیئے کوششوں کی تفصیل بیان کی۔

وزیر مملکت برائے سیاحت وصی شاہ نے کوہ پیمائوں اور ان کے معاون پورٹرز کی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے فوری تربیتی ادارے کے قیام، ان کے تحفظ، غیر رجسٹرڈ یا مروجہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ٹور آپریٹرز پر جرمانے عائد کرنے اور ٹور گائیڈز کے لیے ماہر کوہ پیماوں کی نگرانی میں شارٹ کورسز تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے وسیع مواقع دستیاب ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا کو ان مواقع سے بہتر طریقے سے آگاہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح ان سے استفادہ کرنے کے لیے پاکستان آئیں۔