
اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) وزیرمملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ حکومت ایسے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جس سے پاکستان خطے کا سب سے زیادہ سرسبزوشاداب ملک ہونے کے ساتھ معاشی حب بننے جا رہا ہے، نئی نسل میں ماحولیاتی آلودگی سے آگاہی وقت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز نیشنل پریس کلب میں بیکن ہاو¿س سکول سسٹم کے زیر اہتمام ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ زرتاج گل نے کہا کہ یہ بات ہمارے لئے خوش آئند ہے کہ نئی نسل ماحولیاتی تبدیلیوں اور آلودگی سے باخبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں سکول کے بچوں نے جس انداز سے اپنا موقف بیان کیا ہے اس سے ان کے بہترین اور مثبت امیج کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبے پر بھرپور انداز میں کام ہو رہا ہے اور ایک بلین سونامی ٹری کا منصوبہ کامیابی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے اداروں کے ساتھ مل کر شجرکاری مہم پر کام کر رہے ہیں جس میں تعلیمی اداروں کا کردار انتہائی کلیدی ہے اور طالب علم بڑھ چڑھ کر شجرکاری مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے آج کی تقریب میں یہ بھی جان کر خوشی ہوئی کہ سکول کے طالبعلم ماحولیاتی آلودگی سے خاتمہ کے علاوہ جنگلی حیات کے تحفظ کے بارے میں بھی شاندار وژن رکھتے ہیں ،ان بچوں نے جو خوبصورت شرٹس پہن رکھی ہیں وہ ان کے جذبے کی عکاسی کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ایسے منصوبوں پر کام کر رہی ہے سے نہ صرف پاکستان کو کلین اینڈ گرین بنایا جائے گا بلکہ ہمارا ملک ایک معاشی حب بھی بنے گا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیکن ہاو¿س سکول مارگلہ کیمپس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناصر قصوری نے کہا کہ موجودہ حکومت موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے حوالے سے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، ماضی میں ایسے منصوبوں کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سکول کے بچوں کو ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ جنگلی حیات کے تحفظ کا بھی درس دیا جا رہا ہے اور انہیں یہ بتایا گیا ہے کہ جنگلی حیات کو بندوق سے نہیں بلکہ کیمرے سے شوٹ کریں۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکول کی پرنسپل سدرہ قاسم نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے آگاہی اور مفید معلومات بچوں کے سلیبس کا حصہ ہے اور انہیں ماحول دوستی اور جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے بھرپور معلومات دی جاتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر نیشنل پریس کلب کے لان میں علامتی آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔