وزیرِاعظم عمران خان کی زیرِ صدارت انرجی ٹاسک فورس کا اجلاس

136

اسلام آباد ۔ 22 اکتوبر (اے پی پی) حکومت نے بجلی چوروں کے خلاف فوری کریک ڈاﺅن کرنے، ملک میں تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت و پیداوار پر خصوصی توجہ دینے اور متعلقہ کمپنیوں کو سکیورٹی کے حوالہ سے درپیش مسائل کے حل کےلئے فوری اقدامات کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے اور بجلی کے شعبہ میں چوری و دیگر نقصانات کی وجہ سے صارفین پر پڑنے والے اضافی بوجھ کو دور کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی دوسرے کی چوری اور بدانتظامی کا خمیازہ عوام بھگتیں، یہ قابل قبول نہیں۔ اس امر کا اظہار پیر کو وزیرِاعظم عمران خان کی زیرِ صدارت انرجی ٹاسک فورس کے اجلاس میں کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ موجودہ حکومت کی جانب سے آئندہ 25 سالوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع انرجی پالیسی و لائحہ عمل تشکیل دیا جا رہا ہے تاکہ جہاں گھریلو، صنعتی و دیگر شعبہ جات کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کےلئے توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے وہاں انرجی مکس کا حصول، ملک میں موجود وسائل کا مکمل استعمال، قابل تجدید ذرائع کا فروغ اور انرجی پالیسی کےلئے منظم و مربوط فریم ورک تشکیل دیا جا سکے، درآمد شدہ فیول پر انحصار میں کمی لانے اور ملک میں موجود وسائل کو بروئے کار لانے کےلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے اور پاور سیکٹر میں چوری و دیگر نقصانات کی وجہ سے صارفین پر پڑنے والے اضافی بوجھ کو ہٹانے کےلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی، اس ضمن میں بجلی چوروں کے خلاف فوری طور پر کریک ڈاو¿ن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کسی دوسرے کی چوری اور بدانتظامی کا خمیازہ عوام بھگتیں، یہ قابل قبول نہیں۔