وزیرِ اعظم شہباز شریف کا اورنج لائن میٹرو بس کے اطراف لینڈ سکیپنگ مکمل کرکے 7 دن میں رپورٹ فراہم کرنے کا حکم

96
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا اورنج لائن میٹرو بس کے اطراف لینڈ سکیپنگ مکمل کرکے 7 دن میں رپورٹ فراہم کرنے کا حکم

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹرو بس ( فیض احمد فیض ٹرمینل H-9 تا ائیر پورٹ) کے اطراف لینڈ سکیپنگ مکمل کرکے 7 دن میں رپورٹ دی جائے۔ میٹرو بس کے کرایوں کو کم کرکے عوام کی سہولت کیلئے ایک مربوط نظام قائم کیا جائے،بھارہ کہو بائی پاس پر بھی کام ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے،منصوبے میں شفاف طریقے سے بِڈنگ یقینی بنائی جائے اور بہترین کمپنیوں کو منصوبے کی تعمیر کا کنٹریکٹ دیا جائے، منصوبوں کی تعمیر کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں۔

جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میٹرو (اورنج لائن، بلیو لائن، گرین لائن) پر پیش رفت اور اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ، وزیرِ اعظم کے مشیر احد چیمہ، طارق فضل چوہدری، حنیف عباسی، انجم عقیل خان، چیئرمین سی ڈی اے اور متعلقہ اعلی حکام کی شرکت کی۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ بھارہ کہو میں ٹریفک کے مسائل کے باعث مقامی لوگوں کی مشکلات کا تدارک ضروری ہے،بائی پاس سے مری جانے والے سیاحوں کیلئے بھی آسانی پیدا ہوگی۔اجلاس کو بتایا گیا کی 29 کلومیٹر طویل اورنج لائن میٹرو بس سروس کو این ایچ اے سٹیشن کی بجائے فیض احمد فیض اسٹیشن سے جوڑ دیا گیا ہے جس سے رش کے اوقات میں مسافروں کی تعداد بڑھ کر یومیہ اوسط 18 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ 20 کلومیٹر طویل بلیو لائن میٹرو بس سروس (کورال تا پمز اسپتال) بھی افتتاح کیلئے تیار ہے۔13 اسٹیشنز پر مشتمل یہ روٹ اسلام آباد ایکپریس وے کے اطراف میں مسافروں کی بڑی تعداد کو معیاری اور کم قیمت سفری سہولیات فراہم کرے گا۔اجلاس کو 15.5 کلومیٹر طویل گرین لائن میٹرو بس سروس کے حوالے سے بتایا گیا کہ بھارہ کہو تا پمز ہسپتال میٹرو بس بہارہ کہو سے آنے والے مسافروں اور اسلام آباد سے مری جانے والے سیاحوں کو سہولت فراہم کرے گی اس کے علاوہ ائیر پورٹ سے اورنج لائن کے ذریعے آنے والے سیاہ بھی مری کیلئے ترانسپورٹ تک پہنچنے کیلئے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

اجلاس کو بھارہ کہو بائی پاس منصوبے پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے منصوبے کی تعمیر کے دوران جنگلات کے تحفظ اور منصوبے میں شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ راول چوک فلائی اوور وزیرِ اعظم کی خصوصی ہدایت پر 31 جولائی تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ اسلام آباد ایکسپریس وے کی بحالی اور اسے وسیع کرنے کے منصوبے کا آغاز بھی جلد کر لیا جائے گا۔وزیرِ اعظم نے منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔