اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے دوسرے مواصلاتی سیٹلائٹ کے زمین کے مدار میں بھیجے جانے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنے سائنسدانوں کی اس شاندار کامیابی پر فخر ہے، پاکستانی سیٹلائٹ کا چین کے خلائی مرکز سے بھجوانا پاکستان اور چین کی مضبوط شراکت داری کا مظہر ہے۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے دوسرے مواصلاتی سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون کے زمین کے مدار میں بھیجے جانے پر مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے سائنسدانوں کی اس شاندار کامیابی پر فخر ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون کے زمین کے گردمدار میں بھیجے جانے سے پوری پاکستانی قوم نے ایک عظیم سنگ میل عبور کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیٹلائٹ کا چین کے شی چانگ سیٹلائٹ لانچ سنٹر سے خلا میں بھیجا جانا پاکستان اور چین کی مضبوط شراکت داری کا مظہر ہے، ایسے اقدامات سے پاکستان اور پاکستانی عوام جدت اور ٹیکنالوجی کے ثمرات سے استفادہ کر سکیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیٹلائٹ نہ صرف پاکستان کے مواصلاتی نظام میں ایک نئی روح پھونکے گا بلکہ اس سے پورے ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جاسکے گی،
سیٹلائٹ مواصلاتی نظام میں بہتری سے ای کامرس، اقتصادی سرگرمیوں اور ای گورننس میں بہتری میں کلیدی کردار ادا کرے گا، پاکستانی سیٹلائٹ کا زمین کے مدار میں 36 ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر بھیجا جانا سپارکو اور متعلقہ اداروں کی بڑی کامیابی ہے جس پر پوری قوم انہیں داد وتحسین دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون کا زمین کے مدار میں کامیابی سے پہنچنا پاکستان کے تابناک مستقبل کی نوید ہے، اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون ملک میں مواصلاتی نظام کی بہتری اور خلائی شعبے میں بڑی کامیابیوں کا پیش خیمہ ثابت ہو۔