اسلام آباد ۔ 8 جون (اے پی پی) وزیرِ اعظم عمران خان سے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیرِ مواصلات مراد سعید، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور معاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے۔ہفتہ کو یہاں وزیر اعظم آفس کے میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران انضمام شدہ علاقوں میں تعمیر و ترقی کے حوالے سے پیش رفت اور اس سلسلے میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انضمام شدہ علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت انضمام شدہ علاقوں میں صحت، تعلیم، امن و امان ودیگر سہولیات کی فراہمی اور عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ ان علاقوں میں عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنایا جا سکے اور ان علاقوں کو ملک کے دوسرے حصوں کے برابر لایا جا سکے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ بجٹ میں بلوچستان کے پسماندہ مقامات اور انضمام شدہ علاقوں کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ بجٹ میں اخراجات میں ممکنہ حد تک کفایت شعاری اختیارکی جائے تاہم پس ماندہ علاقوں کی ترقی اور کمزور طبقوں کی معاونت پر بھرپور توجہ دی جا ئے ۔ انہوں نے کہا کہ انضمام شدہ علاقوں کے عوام نے ملک کی سلامتی کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں، حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ ان علاقوں کے نوجوانوں کو روزگارکے مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ یہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔ وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا نے وزیر اعظم کو انضمام شدہ علاقوں میں تعمیر وترقی کے حوالے سے جاری منصوبوں اور خصوصاً صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا۔