وزیرِ اعظم عمران خان نے پیرا پلیجک سینٹر پشاور کا دورہ کیا، زیرِ علاج مریضوں سے بات چیت

98

پشاور ۔21اپریل (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان نے بدھ کو یہاں پیرا پلیجک سینٹر پشاور کا دورہ کیا، مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات اور بات چیت بھی کی.وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیرِ مواصلات مراد سعید، معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا محمود خان اور صوبائی وزیرِ صحت تیمور سلیم جھگڑا بھی دورے کے دوران وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے،سو بستروں پر مشتمل اس سینٹر میں پورے پاکستان سے آئے مریضوں کا جامع جسمانی بحالی پروگرام کے تحت علاج کیا جاتا ہے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ مخصوص ضروریات کے حامل افراد کے لئے تمام تر ضروری آلات ہسپتال میں ہی خود تیار کئے جاتے ہیں. رواں ماہ میں تیار ہونے کے بعد ہسپتال کی نئی عمارت انتظامیہ کے حوالے کر دی جائے گی جس سے مجموعی طور پر بستروں کی تعداد 100 سے بڑھ کر 150 ہو جائے گی،وزیرِ اعظم نے اس موقع پر مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات اور بات چیت بھی کی۔