وزیرِ اعظم عمران خان کی امریکی کمپنی پراکٹر اینڈ گیمبل کے گلوبل وائس چیئرمین اور چیف آپریٹنگ آفیسر جون مولرسے ملاقات میں گفتگو

137

اسلام آباد ۔ 08 اگست (اے پی پی) وزیرِ اعظم عمران خان نے سرمایہ کاروں کو ملک میں موجود سرمایہ کاری کے نہایت سازگار ماحول سے استفادہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے لئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے، برآمدات کے فروغ کے لئے پاکستان میں تیار کی جانے والی مصنوعات کے حوالے سے خصوصی رعایات دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو معروف امریکی کمپنی پراکٹر اینڈ گیمبل کے گلوبل وائس چیئرمین اور چیف آپریٹنگ آفیسر جون مولرسے وزیرِ اعظم آفس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں مشیر تجارت عبدالرزاق داو¿د اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی بھی موجودتھے۔ جون مولرنے وزیرِ اعظم کو پراکٹر اینڈ گمیبل کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ پراکٹر اینڈ گیمبل کمپنی کے پاکستان میں مستقبل کے منصوبوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ جون مولر نے وزیراعظم کو بتایاکہ گذشتہ تیس سال سے پراکٹر اینڈ گیمبل کمپنی پاکستان میں منافع بخش کاروباری سرگرمیاں سر انجام دے رہی ہے جس کو مزید وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ پراکٹر اینڈ گیمبل سوشل سیکٹر میں بھی اپنا بھرپورکردار ادا کر رہی ہے ان میں کلین اینڈ گرین پاکستان اور صحت و صفائی کے شعبے میں پاک صاف پاکستان نمایاں پروگرام ہیں۔ وزیرِ اعظم نے پراکٹر اینڈ گیمبل کی منافع بخش کاروباری سرگرمیوں اور کمپنی کی جانب سے ان میں مزید وسعت لانے کے عزم پر اطمینان کا اظہار کیا۔