اسلام آباد ۔ 6 مارچ (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کو ٹڈی دل کے مسئلہ کی سنجیدگی کا مکمل ادراک ہے، اس چیلنج سے نمٹنے کےلئے وفاق، صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل رابطے ہیں، وفاقی حکومت ٹڈی دل کے خاتمہ کےلئے تمام مطلوبہ وسائل فراہم کرنے کےلئے پرعزم ہے۔ وہ جمعہ کو ٹڈی دل کے خاتمہ کے حوالہ سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیئرمین این ڈی ایم اے، و دیگر سینئر افسران جبکہ چاروں صوبوں کے وزراءاعلیٰ بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔ سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکورٹی نے وزیرِاعظم کو ٹڈی دل کے خاتمے کےلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹڈی دل کے خاتمہ کےلئے مرتب کئے جانے والے نیشنل ایکشن پلان کے تحت بین الادراہ جاتی و بین الصوبائی کوآرڈنیشن، سرویلینس، کنٹرول، مانیٹرنگ اور آگاہی مہم کے حوالے سے کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایپکیس کمیٹی کی تشکیل اور این ڈی ایم اے میں کنٹرول روم کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے، ضلعی سطح پر متعلقہ ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں۔ سیکرٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی نے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) اور ہمسایہ ملک چین کے ساتھ اس ضمن میں جاری تعاون کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ سیکرٹری خزانہ کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹڈی دل کے خاتمہ کے حوالے سے ضروری اقدامات کےلئے مطلوبہ فنڈز این ڈی ایم اے کو فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دیگر صوبوں کے ساتھ ساتھ صوبہ بلوچستان میں ٹڈی دل کے خاتمہ کی جانب خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ صوبائی وزراءاعلیٰ نے وزیرِاعظم کو صوبوں میں ٹڈی دل کی صورتحال، صوبوں کی جانب سے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کی صورتحال اور اس مسئلہ سے نمٹنے کےلئے تجاویز پیش کیں۔ وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ٹڈی دل کے مسئلہ کی سنجیدگی کا مکمل ادراک ہے۔ وزیرِاعظم نے اس چیلنج سے نمٹنے کےلئے وفاق، صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل رابطے اور کوآرڈینیشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ٹڈی دل کے خاتمہ کےلئے تمام مطلوبہ وسائل فراہم کرنے کےلئے پرعزم ہے۔