اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) وزیرِ اعظم عمران خان سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد نے مظفرآباد میں ملاقات کی۔ وفد میں محمد حسین خطیب، سید فیض نقشبندی، غلام محمد صفی ، شیخ عبدالمتین محترمہ شمیم شال، اشتیاق حمید اور نثارمرزا شامل تھے۔ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور، وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، کشمیر کمیٹی کے چیئرمین اور وزیر مملکت شہریار …
وزیرِ اعظم عمران خان کی مظفرآباد میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) وزیرِ اعظم عمران خان سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد نے مظفرآباد میں ملاقات کی۔ وفد میں محمد حسین خطیب، سید فیض نقشبندی، غلام محمد صفی ، شیخ عبدالمتین محترمہ شمیم شال، اشتیاق حمید اور نثارمرزا شامل تھے۔ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور، وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، کشمیر کمیٹی کے چیئرمین اور وزیر مملکت شہریار خان آفریدی، معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان، وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر راجہ فاروق حیدر اور اسپیکر آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق حریت کانفرنس کے وفد نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ وفد نے بھارت سرکارکی جانب سے غیر قانونی جابرانہ و یکطرفہ اقدام ، غیر انسانی محاصرہ اور مواصلاتی ناکہ بندی، ہندو قابض افواج کے ظلم و ستم اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کی صورتحال کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے حکومت پاکستان اور بطور خاص وزیرِ اعظم عمران خان کی ذاتی کاوشوں کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا۔ وفد کے ارکان نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس موثر انداز میں وزیرِ اعظم پاکستان مظلوم کشمیریوں کی آواز بنے ہیں پوری کشمیری قوم وزیرِ اعظم کی مشکور ہے۔ جس طرح وزیر اعظم عمران خان نے نریندر مودی کے فاشسٹ چہرے کوبے نقاب کیا ہے اور دنیا کو بھارت کا اصل روپ دکھایا ہے اس پر پوری کشمیری قوم آپ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آٹھ لاکھ قابض افواج اور کشمیر کی قانونی حیثیت کو تبدیل کر کے کشمیریوں کی آواز کو دبا یا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے فلسفے پر عمل پیرا ہندوستان حکومت کے فاشسٹ عزائم پوری دنیا پر واضح ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ہر سطح اور ہر فورم پرکشمیریوں کی آواز بلند کرتے رہیں گا۔ ظلم و ستم سے متاثرہ مظلوم بچوں، نوجوانوں اور خواتین کی آوازیں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک پاکستان ہر محاذ پر کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔








