اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے میجر محمد اکرم شہید نشان حیدر کو ان کے 53ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر محمد اکرم شہید نے مشرقی پاکستان میں لڑتے ہوئے جرات و بہادری کی لازوال مثال قائم کی، قوم اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ کی مادر وطن کیلئے قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر ے گی۔
جمعرات کوپی ایم آفس کے میڈیاو نگ سے جاری بیان کے مطابق اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ میجر محمد اکرم شہید نشان حیدر نے دشمن کی عددی برتری کی پرواہ کئے بغیر اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ میجر محمد اکرم شہید نے فرض شناسی اور وطن سے عہد وفا کی ایسی مثال قائم کی جو نوجوان نسل کیلئے قابل تقلید ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے شہدا اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔ وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے وطن کے عظیم بیٹوں کیلئے پوری قوم کے عقیدت کے جذبات ہیں۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ کی وطن کے دفاع کیلئے دی گئی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر ے گی۔