اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نےپاکستان میں کاروبار و سرمایہ کاری میں آسانی کیلئے تاریخ کے سب سے بڑے اصلاحاتی پروگرام کے آغاز کی منظوری دے دی ،کاروبار و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پاکستانی قوانین و ضابطوں کی پہلی ڈیجیٹل رجسٹری کے قیام کا آغاز ہوگیا۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے منصوبے کی فنڈنگ میں دلچسپی کا اظہار کرنے والے بین الاقوامی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ وزیرِ اعظم نے منصوبے کی فنڈنگ میں دلچسپی کا اظہار کرنے والےبین الاقوامی اداروں سے معاہدے کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم نےحکومت کی معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد میں امریکی ترقیاتی شراکتی اداروں کی طرف سے معاونت میں اظہارِ دلچسپی پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اجلاسوں اور مشاورت کے ساتھ ساتھ متعلقہ حکام و وزارتیں پالیسی اقدامات پر بروقت عمل درآمد کویقینی بنائیں۔ وزیر اعظم نے منصوبے کے نفاذ کیلئے ایک خصوصی کمیٹی قائم کردی جو اپنی تمام تر توجہ اس منصوبے پر عملدرآمد پر مرکوز کرے گی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے تحت انتہائی اہمیت کے حامل شعبوں کی اصلاحات شروع کی جائیں۔وزیرِ اعظم نے منصوبے پر کام کرنے کیلئے ڈاکٹر اسکاٹ جیکب کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
وزیرِ اعظم نے سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ اداروں کی منصوبے کا لائحہ عمل بنانے میں معاونت پر پذیرائی کی۔اجلاس میں ڈاکٹر اسکاٹ جیکب کے ساتھ ساتھ وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، عبدالعلیم خان وزیرِ مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو منصوبے کے حوالے سے تفصیلات کے ساتھ ساتھ اسکے نفاذ کی معینہ مدت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رجسٹری میں ملک میں سرمایہ کاری کیلئے موجود تمام قوانین اور ضابطوں کو یکجا کرکے ڈیجیٹائز کیا جائے گا
،ملک میں سرمایہ کاری اور کاروبار کی راہ میں حائل تمام غیر ضروری قوانین و ضابطوں کو ختم کر دیا جائے گا۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بیوروکریٹک رکاوٹوں کو ہٹا کر رجسٹریشن، پرمٹس و دیگر ضروری اقدامات میں درکار وقت کو ڈیجٹائیزیشن سے کم کیا جائے گا،اس اقدام سے نہ صرف سرمایہ کاری و کاروبار میں مزید آسانی پیدا ہوگی بلکہ ملک میں نجی شعبے کی تیز رفتار ترقی کا آغاز ہوگا،اس اقدام سے پاکستان دنیا بھر میں سرمایہ کاری و کاربار میں آسانی کے حوالے سے موزوں ترین ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا۔وزیرِ اعظم نے ابتدائی طور پر انتہائی اہم قوانین و ضابطوں کو ترجیحی بنیادوں پر یکجا کرکے پہلے مرحلے کو دسمبر 2024 تک مکمل کرنے کا ہدف دے دیا۔\932