وزیرِ اعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق کو گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو کی جانب سے پاکستان کی پہلی "جینڈر چمپیئن” مقرر

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق کو گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو کی جانب سے پاکستان کی پہلی "جینڈر چمپیئن" مقرر کیا گیا ہے، یہ اعزاز اُن کی قیادت، پبلک ہیلتھ میں صنفی مساوات کے فروغ اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اُن کی غیر متزلزل وابستگی کے اعتراف کے طور پر دیا گیا ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی …

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق کو گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو کی جانب سے پاکستان کی پہلی "جینڈر چمپیئن” مقرر کیا گیا ہے، یہ اعزاز اُن کی قیادت، پبلک ہیلتھ میں صنفی مساوات کے فروغ اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اُن کی غیر متزلزل وابستگی کے اعتراف کے طور پر دیا گیا ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ تقرری عائشہ کی اُن مسلسل کاوشوں کا اعتراف ہے جو وہ پاکستان کے انسدادِ پولیو پروگرام میں صنفی نقطۂ نظر کو مؤثر طور پر شامل کرنے اور عملدرآمد کے تمام مراحل میں خواتین کی قیادت اور اُن کے کردار کو مضبوط بنانے کے لیے کر رہی ہیں۔ ملک بھر میں چار لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز، جن میں تقریباً ساٹھ فیصد خواتین شامل ہیں، ہر بچے تک زندگی بچانے والی پولیو ویکسین پہنچانے کے قومی مشن کی اساس ہیں۔

اِن کی ہمت، اعتماد اور عزم پولیو کے خاتمے کی جدوجہد میں پاکستان کی کامیابی کی ضمانت ہیں۔ عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ میرے لیے پولیو کے خلاف جنگ صرف بچوں کی صحت کے تحفظ تک محدود نہیں، بلکہ یہ مساوات، مواقع اور بااختیار بنانے سے بھی متعلق ہے۔ ہر روز میں دیکھتی ہوں کہ خواتین اس مشن کی اصل محرک ہیں، ویکسی نیشن ٹیموں کی قیادت کرتی ہیں، اپنی کمیونٹیز میں رکاوٹیں دور کر رہی ہیں، اور صحت مند مستقبل کی امید کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔

عائشہ رضا فاروق کو گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو کی جانب سے دیا گیا یہ اعزاز صنفی مساوات اور صحت کے نتائج کے باہمی تعلق کے ساتھ ساتھ عالمی صحت میں شمولیتی حکمتِ عملیوں کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کی بڑھتی ہوئی قیادت کو اجاگر کرتا ہے۔ جینڈر چمپیئن کی حیثیت سے عائشہ رضا فاروق نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ صحت کے شعبے میں خواتین کی قیادت کو مضبوط بنانے، فرنٹ لائن خواتین ورکرز کی آواز کو مزید اُجاگر کرنے، اور پروگرام کے تمام مراحل میں صنفی شمولیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔

یہ تقرری، 2019 میں شروع کی گئی جی پی ای آئی کی صنفی مساوات کی حکمتِ عملی پر مبنی ہے، جس کا مقصد ویکسی نیشن میں صنفی رکاوٹوں کو دور کرنا، تمام سطحوں پر خواتین کی نمائندگی کو یقینی بنانا، اور صحت میں مساوات کے بنیادی اصول کے طور پر صنفی برابری کو فروغ دینا ہے۔ محترمہ فاروق کا پاکستان کی پہلی جینڈر چمپیئن کے طور پر کردار، نہ صرف پولیو کے خاتمے کی عالمی جدوجہد میں پاکستان کی قیادت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ ہر بچے کے لیے ایک منصفانہ اور بہتر مستقبل کے عزم کو بھی نمایاں کرتا ہے۔

 

مزید خبریں