وزیرِ اعظم کی قیادت میں پاکستان کی جغرافیائی اور معاشی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے ۔ افتخار علی ملک

لاہور۔4جنوری (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے مفاہمتی اور حقیقت پسندانہ پالیسی کے ذریعے جغرافیائی اور معاشی اہمیت میں اضافہ کیا ہے۔پاکستان کی نئی سفارتی، معاشی اور سکیورٹی حکمتِ عملی مشرقِ وسطی اور شمالی افریقہ (مینا) میں شراکت داریوں کے وژن سے ہم آہنگ ہو رہی ہے اور …

لاہور۔4جنوری (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے مفاہمتی اور حقیقت پسندانہ پالیسی کے ذریعے جغرافیائی اور معاشی اہمیت میں اضافہ کیا ہے۔پاکستان کی نئی سفارتی، معاشی اور سکیورٹی حکمتِ عملی مشرقِ وسطی اور شمالی افریقہ (مینا) میں شراکت داریوں کے وژن سے ہم آہنگ ہو رہی ہے اور اس کا محور علاقائی استحکام، باہمی رابطہ کاری اور مشترکہ خوشحالی ہے۔

اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان کو خلیجی ممالک میں اپنے معاشی اور اسٹریٹجک اتحادیوں کے ساتھ تعلقات میں توازن پیدا کرتے ہوئے اپنی علاقائی حکمتِ عملی کو مزید موثر بنانا چاہیے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرقِ وسطی کے سنگم پر واقع پاکستان توانائی سے مالا مال خلیجی ممالک اور ابھرتی ہوئی ایشیائی منڈیوں کے درمیان ایک قدرتی پل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی کے وسیع تجربے اور پیشہ ور مسلح افواج کی بنا پر پاکستان علاقائی استحکام کے لیے ایک قابلِ اعتماد شراکت دار ہے۔

مشرقِ وسطی میں پائیدار امن مضبوط مسلم اکثریتی ریاستوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، جنہوں نے داخلی سکیورٹی چیلنجز پر قابو پا کر عالمی برادری کے ساتھ تعمیری روابط قائم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکالمے، اقتصادی تعاون اور عدم مداخلت کی پالیسی کی حمایت کے ذریعے پاکستان ایک عملی، جامع اور ترقی پر مبنی مینا شراکت داری کے وژن سے مطابقت رکھتا ہے، جس کا مقصد تصادم کے بجائے استحکام اور ترقی کو فروغ دینا ہے۔