وزیرِ اعلی بلوچستان کی زیرِ قیادت محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ اجلاس

وزیرِ اعلی بلوچستان کی زیرِ قیادت محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ اجلاس

کوئٹہ۔ 15 جون (اے پی پی):وزیرِ اعلی بلوچستان میر سر فراز بگٹی کی زیرِ صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمدخان، آئی جی پولیس، چیف سیکریٹری اور دیگر اعلی فوجی و سول حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات اور سول و عسکری باہمی تعاون کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے تمام متعلقہ اداروں، مختلف مکاتبِ فکر، تاجر برادری اور تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے علما کرام اور مذہبی رہنماں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے گا۔ وزیرِ اعلی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان خراب کرنے والے عناصر کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر متحرک ہیں۔فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے وزیرِ اعلی نے کہا کہ کسی کو بھی فرقہ وارانہ تشدد کی اجازت نہیں ہوگی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی اجتماعات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔