واشنگٹن ڈی سی۔24اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعرات کو واشنگٹن ڈی سی میں فلپ مورس انٹرنیشنل کے نائب صدر کرسٹوس ہارپانڈیتس سے ملاقات کی۔یہ ملاقات آئی ایم ایف اورعالمی بینک کے موسم بہار اجلاس کے موقع پرہوئی۔وزیرِ خزانہ نے پاکستان میں کمپنی کی دیرینہ سرمایہ کاری اور اس کے اقتصادی کردار کو سراہا۔
انہوں نے ملک میں بہتری کی جانب گامزن کاروباری ماحول اور حکومت کی ٹیکس اصلاحات پر روشنی ڈالی جن کی بنیاد افراد، نظام اور ٹیکنالوجی پر رکھی گئی ہے۔ وزیرِ خزانہ نے تمباکو نوشی کی غیر قانونی پیداوار اور فروخت کی روک تھام کے لئے مؤثر نفاذ اور تعمیل کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیکس پالیسی آفس کو وزارتِ خزانہ میں منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ محصولات اور ٹیرف سے متعلق فیصلے معاشی قدر کو مدنظر رکھتے ہوئے کئے جا سکیں۔ وزیرِ خزانہ نے فلپ مورس انٹرنیشنل سے اپنی ٹیکس تجاویز وزارتِ خزانہ کے ساتھ شریک کرنے کی درخواست کی۔