وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان کی یکہ غنڈ مہمند میں پولیس ٹیم پر دہشتگردوں کی فائرنگ کی مذمت

وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا شفیع جان نے جمعہ کے روز ضلع مہمند کے علاقے یکہ غنڈ میں پولیس ٹیم پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او اور ایلیٹ فورس کے جوان کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے

پشاور۔ 03 جولائی (اے پی پی):وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا شفیع جان نے جمعہ کے روز ضلع مہمند کے علاقے یکہ غنڈ میں پولیس ٹیم پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او اور ایلیٹ فورس کے جوان کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔محکمہ اطلاعات خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اپنے تعزیتی بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات نے دونوں پولیس شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او اور ایلیٹ فورس جوان کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے اور پولیس ٹیم پر فائرنگ ایک بزدلانہ فعل ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے،صوبائی حکومت دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے،خیبرپختونخوا پولیس نے قیام قیام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت اس دکھ کی گھڑی میں شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، مغفرت، لواحقین کے لیے صبرو جمیل کی دعا کرتے ہوئے فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس ڈرائیور کی جلد صحت یابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔