وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی یکہ غنڈ مہمند میں پولیس ٹیم پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی مذمت

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے جمعہ کے روز ضلع مہمند کے علاقے یکہ غنڈ میں پولیس ٹیم پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او اور ایلیٹ فورس کے جوان کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے

پشاور۔ 03 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے جمعہ کے روز ضلع مہمند کے علاقے یکہ غنڈ میں پولیس ٹیم پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او اور ایلیٹ فورس کے جوان کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے دونوں پولیس شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او اور ایلیٹ فورس جوان کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے اور پولیس ٹیم پر فائرنگ ایک بزدلانہ فعل ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے،صوبائی حکومت دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے،خیبرپختونخوا پولیس نے قیام قیام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت اس دکھ کی گھڑی میں شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، مغفرت، لواحقین کے لیے صبرو جمیل کی دعا کرتے ہوئے فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس ڈرائیور کی جلد صحت یابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔