جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے ہماراصوبہ بعض اوقات قدرتی آفات،دہشت گردحملوں، ٹریفک حادثات،آتشزدگی کے واقعات کا بھی شکاررہتا ہے،گورنر بلوچستان
جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے ہماراصوبہ بعض اوقات قدرتی آفات،دہشت گردحملوں، ٹریفک حادثات،آتشزدگی کے واقعات کا بھی شکاررہتا ہے،گورنر بلوچستان

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 03 جولائی (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے ہمارا صوبہ بعض اوقات قدرتی آفات، دہشت گرد حملوں، ٹریفک حادثات اور آتشزدگی کے واقعات کا بھی شکار رہتا ہے۔ حکومت کسی بھی مشکل وقت میں اپنے عوام کو تنہا نہیں چھوڑتی۔ حکومت کی جانب سے دہشت گرد حملے یا پلازہ میں آتشزدگی جیسے واقعات میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تلافی کے باعث متاثرین کو دوبارہ اپنے قدم جمانے میں مدد مل جاتی ہے۔
گورنر مندوخیل نے یقین دلایا کہ کوئٹہ کے پرنس روڈ پلازہ کے دکانداروں کو آتشزدگی سے ہونے والے نقصانات کا ہر ممکن معاوضہ فراہم کیا جائیگا کیونکہ اپنے شہریوں کی حفاظت اور معاونت عوامی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام کے سینیٹر حافظ احمد اللہ، نیشنل پارٹی کے سینیٹر جان محمد بلیدی اور وزیراعظم پاکستان یوتھ افیٔرز بلوچستان کے کوآرڈینیٹر حیدر خان اچکزئی کی قیادت میں وفود سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سینیٹر جان بلیدی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث فخر و اطمینان ہے کہ مکران ڈویژن کی تینوں یونیورسٹیوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ان سے فارغ التحصیل ہونے والے گریجویٹس ملک اور صوبے کی خوشحالی اور ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے جس پر سینیٹر جان بلیدی نے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کی بصیرت اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ۔
بعدازاں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے وزیراعظم پاکستان یوتھ افیٔرز بلوچستان کے کوآرڈینیٹر حیدر خان اچکزئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان شدید غربت اور بیروزگاری کی وجہ سے مختلف مسائل کے شکار ہیں ، آپ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ان کے بہتر مستقبل کیلئے اپنے حصے کا بھرپور کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اکیلا انسان کچھ بھی نہیں کر سکتا لہٰذا ہم ٹیم ورک کے ساتھ کئی نئی منازل طے کر سکتے ہیں ۔







