وزیر اعلیٰ مریم نواز کی سانحہ کاہنہ میں جاں بحق بچوں کے دکھی والدین سے ملاقات ، متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی سانحہ کاہنہ میں جاں بحق بچوں کے دکھی والدین سے ملاقات ، متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا

لاہور۔3جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سانحہ کاہنہ میں جاں بحق بچوں کے دکھی والدین سے ملاقات کی اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہارکیا۔ وزیر اعلیٰ نے متاثرہ والدین کو پرسادیا،غمزدہ ماں کو گلے لگا کر دلاسہ دیا۔ انہوں نے دادرسی کیلئے سانحہ کاہنہ کے ہر جاں بحق بچے کے لیے 20 لاکھ اور زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے کے چیکس دکھی خاندانوں کے سپرد کیے۔

انہوں نے متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھا اور یقین دلایا کہ حکومت سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے سانحہ میں زخمی بچوں کی بہترین دیکھ بھال کی ہدایت کی۔

متاثرہ خاندانوں کو دلاسہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹیوشن سینٹر میں جب ایک اینٹ گری تھی تو بچوں کو فوری طور پر چھٹی دے دینی چاہیے تھی۔ آپ کا دکھ اتنا بڑا ہے کہ میرے پاس لفظ ہی نہیں ہیں، اللہ تعالی آپ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالی کی طرف سے آئے امتحان کو ٹال نہیں سکتی لیکن غفلت کرنے والوں کو ہرگز نہیں چھوڑوں گی۔

میں خود ایک ماں ہوں، اس لیے آپ کے درد اور احساس کو بخوبی سمجھتی ہوں۔ لفظ کم ہیں اورغم بہت بڑا ہے۔ دکھی ماں کے آنسووں کا مداوا کوئی رقم نہیں کر سکتی۔ ننھے پھول جیسے بچوں کا بچھڑجانا دلخراش ہے،دکھی ماں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے بچوں کا غم میرا اپنا غم ہے۔