خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس، سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کی فوری گرفتاری کا حکم جاری
خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس، سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کی فوری گرفتاری کا حکم جاری

مزید خبریں
لاہور۔3جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کی صدارت محکمہ داخلہ میں امن و امان کے حوالہ سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے صوبہ بھر کے امن و امان کی تازہ صورتحال بارے بریفنگ دی۔کابینہ کمیٹی نے صوبہ بھر کے امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔کابینہ کمیٹی نے محرم الحرام کے دوران بہترین فرائض سرانجام دینے پر متعلقہ اداروں کی کاوش کو سراہا۔
سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کیاگیا۔ صوبائی وزیرنے کہاکہ عشرہ محرم الحرام میں وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں پوری کابینہ فیلڈ میں متحرک رہی، حکومتِ پنجاب ڈیجیٹل سپیس میں قیام امن کیلئے بھرپور سائبر پٹرولنگ کر رہی ہے، سوشل میڈیا پر فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر سے سختی سے نمٹ رہے ہیں، اللہ تعالی نے بین الاقوامی سطح پر مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کو بڑی عزت و تکریم سے نوازا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ پولیس کے جوانوں کو قیام امن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔سیکرٹری داخلہ نے کہاکہ صوبہ بھر میں قیام امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر شرانگیزی پر پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
معاشرے میں نفرت پھیلانے والوں کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، چیف کوآرڈینیٹر پفٹیک، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی و متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔







