نہروں، ندی نالوں، جھیلوں اور ڈیموں میں نہانے اور تیراکی پر 30 روز کیلئے پابندی نافذ
نہروں، ندی نالوں، جھیلوں اور ڈیموں میں نہانے اور تیراکی پر 30 روز کیلئے پابندی نافذ

مزید خبریں
تلہ گنگ۔ 03 جولائی (اے پی پی):مون سون بارشوں کے پیش نظر انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ڈپٹی کمشنر چکوال/تلہ گنگ سارہ حیات نے ضلع چکوال اور تلہ گنگ کی حدود میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے نہروں، ندی نالوں، جھیلوں، تالابوں، ڈیموں اور دیگر آبی ذخائر میں نہانے، تیراکی، غوطہ خوری اور کشتی رانی پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حالیہ مون سون سیزن کے دوران شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے خدشات کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہر سال متعدد افراد آبی ذخائر میں نہاتے یا تیراکی کرتے ہوئے حادثات کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار جاتے ہیں، اس لیے قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی اقدامات ناگزیر ہیں۔ حکم نامے کے مطابق یہ پابندی 3 جولائی سے یکم اگست 2026 تک نافذ العمل رہے گی۔ اس دوران ضلع چکوال اور تلہ گنگ کی حدود میں واقع تمام ڈیموں، نہروں، ندی نالوں، جھیلوں، تالابوں اور دیگر آبی ذخائر میں نہانے، تیراکی، غوطہ خوری اور کشتی رانی ممنوع ہوگی، تاہم ٹی ڈی سی پی کے زیر انتظام مقامات اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں، پولیس، اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے آبی ذخائر سے دور رہیں اور مون سون کے دوران جاری حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔







