
لاہور۔21ستمبر(اے پی پی ) وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ کشمیری بھارت کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے کیونکہ جنگ تباہی لاتی ہے، اگر جنگ شروع ہوئی تو روایتی ہتھیاروں سے آگے بھی جا سکتی ہے۔ وہ بدھکو مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے مزار پرحاضری کے بعدمیڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر وزےر اطلاعات و سےاحت آزاد کشمےر مشتاق منہاس ،وزےر تعلےم رانا مشہود بھی موجود تھے۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہاکہ بھارت خود بھی جنگ نہیں چاہتا وہ صرف عوام کو دکھانے کے لیے جنگ کا ماحول بنانا چاہتا ہے۔جس کی مختلف وجوہات ہیں جن میں مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال اور بھارت کے کچھ صوبوں میں ہونے والے انتخابات بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم محمد نواز شریف اور سیاسی جماعتوں کے شکرگزار ہیں جنہو ں نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دےا کہ عالمی برادری بھارت کو مجبور کرے کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے نکل جائے،اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق کشمیریوں کو اپنی زندگی پرامن اورآزاد گزارنے کا حق حاصل ہے۔