
اسلام آباد ۔ 24اگست (اے پی پی) پاکستان سیٹیزن پورٹل پرایف بی آر افسران کی کارکردگی کی جانچ پڑتال مکمل ہو گئی ہے، پرائم منسٹر ڈلیوری یونٹ کو ایف بی آر کے افسران کی کارکردگی رپورٹ موصول ہو گئی۔ پرائم منسٹر ڈلیوری یونٹ کے مطابق چیئرمین ایف بی آر کی جانب سے بھیجی گئی رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ ایف بی آر کے 68 افسران کے ڈیش بورڈ کی جانچ پڑتال کی گئی۔ ایف بی آر کے 10اعلی افسران کو ناقص کارکردگی پر سخت تنبیہ اور ناراضگی کا اظہار کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ممبر کسٹم پالیسی،ڈی جی کسٹم انٹیلی جنس،چیف کلکٹر بلوچستان کو اظہار ناراضگی کے لیٹر جاری کئے گئے ہیں۔ چیف کمشنر آئی آر کراچی،چیف کلکٹر اسلام آباد، ڈی جی کسٹم کراچی کو بھی کارکردگی بہتر کرنے کی تنبیہ کی گئی ہے۔ ناقص کارکردگی پر ممبر کسٹم آپرشن،چیف کمشنر آئی آر فیصل آباد پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں افسران کو شہریوں کی شکایات سے متعلق کارکرگی بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں کے مسائل کے تسلی بخش حل نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم آفس نے چیئر مین ایف بی آر کو 556 حل شدہ شکایات دوبارہ کھولنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کی شکایات کو دوبارہ میرٹ پر حل کیا جائے۔ چیئر مین آیف بی آر شکایات کے حل کی رپورٹ جمع کروائے۔ رپورٹ کے مطابق بہتر کارکردگی دکھانے والے افسران کی تعریف کی گئی ہے۔ ممبر آئی ٹی،چیف مینیجمنٹ آئی آر،چیف کمشنر آئی آر راولپنڈی اور بہاولپور کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے۔