اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):وفاقی حکومت نے وزیر اعظم آفس (پبلک) کے مؤثر اور مستعد کام کو یقینی بنانے کے لیے ایک نیا طریقہ کار متعارف کرایا ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تمام وفاقی سیکریٹریز اور دیگر مجاز افسران وزیر اعظم کو بھیجی جانے والی سمریاں مشیر برائے وزیر اعظم آفس ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ کے ذریعے بھجوائیں گے۔
مزید تمام وزارتوں، ڈویژنوں، منسلک اداروں، ایجنسیوں اور دیگر وفاقی دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وزیر اعظم کے احکامات، معلومات یا بریفننگ سے متعلق بھیجی جانے والی تمام دستاویزات، نوٹ، فائلیں اور دیگر امور بھی مذکورہ طریقہ کار کے مطابق جمع کرائیں۔کابینہ ڈویژن نے اس حکم نامے پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کی ہے جو وفاقی سیکرٹری کابینہ ڈویژن کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574888