وزیر اعظم بین الاقوامی ڈپلومیسی میں آگے بڑھ رہے ہیں ،افغان بہن بھائیوں کی مدد کریں گے ،وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی پریس کانفرنس

158
وزیر اعظم بین الاقوامی ڈپلومیسی میں آگے بڑھ رہے ہیں ،افغان بہن بھائیوں کی مدد کریں گے ،وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی پریس کانفرنس

لاہور۔18دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم، پیشہ وارانہ تربیت، قومی ورثہ و ثقافت شفقت محمود نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان بین الاقوامی ڈپلومیسی میں آگے بڑھ رہے ہیں پاکستان نے افغانستان کے معاملہ پر پہل کی ہے، افغان بہن بھائیوں کی مدد کریں گے کیونکہ وہاں حالات کٹھن ہیں ، دنیا نے مشترکہ اقدامات نہ کئے تو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، اسلام آباد میں او آئی سی کانفرنس افغانستان کے معاملہ پر ہو رہی ہے جس میں دنیا بھر کے وزرا ئے خارجہ شرکت کر رہے ہیں۔

ہفتہ کے روز یہاں ایوان اقبال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ اگر دنیا نے افغانستان کی مدد نہ کی تو وہاں کھانے سمیت دیگر مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بین الاقوامی ڈپلومیسی میں آگے بڑھ رہے ہیں ۔ موسمی صورتحال کے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دھند ا ور دھواں مکس ہوا ہے، فوگ و سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔وفاقی وزیر تعلیم نے کہاہے کہ ملک میں انصاف کا نظام بہتر بنانے کی ضرورت ہے ،ملک سے اربوں روپے لوٹنے اور بیرون ملک جائیدادیں بنانے والے نہ صرف آزاد پھر رہے ہیں بلکہ خود کو قوم کا لیڈر کہلوانے کے بھی دعویدار ہیں۔

شفقت محمود نے کہا کہ شریف خاندان کے اکائونٹس میں چپڑاسی مالی سمیت دیگر لوگوں کے ذریعے اربوں روپے کی ٹرانزیکشنز ہوتی رہیں اور ملک کا اربوں روپے لوٹنے والے نہ تو اس پیسے کا اور نہ ہی نوازشریف کے فلیٹس کا حساب دے سکے جبکہ زرداری و شرجیل میمن کی کرپشن کی فائلیں تک غائب ہو گئیں۔

انہوں نے شریف خاندان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان نے اربوں روپے کی لوٹ مار کی۔شفقت محمود کاکہناتھاکہ یہ افسوسناک امر ہے کہ جب اربوں روپے ڈکار نے والے کرپٹ لیڈر عدالتوں میں جاتے ہیں تو پھولوں کی پتیاں نچھاور کی جاتی ہیں۔

ان کاکہناتھاکہ یہ کلچر اب زور پکڑ گیاہے کہ پہلے رج کر لوٹ مار کرو اور بعد میں اسے سیاسی انتقام کا نام دے دو۔ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی شکست پر شفقت محمود کاکہناتھاکہ فکر نہ کریں الیکشن کا وقت آئے گا تو تحریک انصاف اگلا الیکشن بھی جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی ان حالات میں انتخابات میں ن لیگ کا مقابلہ کیا اب بھی ن لیگ کے ساتھ سیاسی مقابلہ چلتا رہے گا۔