وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات،مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

سمر قند۔15ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کرتے ہوئےتجارت، توانائی، ثقافت، اقتصادی اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ اقتصادی اور توانائی کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے ، بارٹر ٹریڈ کو فعال کرنے ، سرحدوں پر معاون مارکیٹیں کھولنے اور پاکستانی زائرین کی سہولت کیلئے قریبی دوطرفہ روابط کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کو سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات پر تمام پہلوئوں سے تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے ایرانی صدر اور عوام کا پاکستان میں سیلاب کے دوران اظہار یکجہتی اور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے آنے والے سیلاب کے تباہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں، پاکستان سب سے کم کاربن کے اخراج کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ان قدرتی آفات کا سامنا کر ر ہا ہے، ان چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی سطح پر ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے جن کا سامنا پاکستان جیسے موسمیاتی طور پر کمزور ممالک کو کرنا پڑ رہا ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے پاک۔ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے نتائج کابھی جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنمائوں نے اقتصادی، تجارتی روابط، توانائی، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے اقتصادی اور توانائی کے تعاون کو فروغ دینے، بارٹر ٹریڈ کو فعال کرنے ، سرحد پر معاون مارکیٹیں کھولنے اور پاکستانی زائرین کی سہولت کیلئے قریبی دوطرفہ روابط کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان دوطرفہ تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے اقدامات پر بات چیت کیلئے وفد بھیجے گا۔

وزیراعظم نے صدر رئیسی کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔ صدر رئیسی نے وزیراعظم کو ایران کے دورہ کی دعوت دی۔