وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کلورکوٹ اور ڈھکی کے درمیان دریائے سندھ پر ایک نئے پل کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا

کلور کوٹ (بھکر) ۔ 20 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ہفتہ کو کلورکوٹ اور ڈھکی کے درمیان دریائے سندھ پر ایک نئے پل کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔اس وقت پلوں،بیراج/ ہیڈورکس سمیت 15 مقامات پر دریائے سندھ کو عبورکیا جاسکتا ہے اور ان مقامات کی چوڑائی 18 سے 20 فٹ تک محدود ہے ،جوکہ موجودہ ٹریفک کے حجم اور بھاری ٹریفک کیلئے …

کلور کوٹ (بھکر) ۔ 20 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ہفتہ کو کلورکوٹ اور ڈھکی کے درمیان دریائے سندھ پر ایک نئے پل کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔اس وقت پلوں،بیراج/ ہیڈورکس سمیت 15 مقامات پر دریائے سندھ کو عبورکیا جاسکتا ہے اور ان مقامات کی چوڑائی 18 سے 20 فٹ تک محدود ہے ،جوکہ موجودہ ٹریفک کے حجم اور بھاری ٹریفک کیلئے ناکافی ہے۔مجوزہ پل دریائے سندھ کے مشرقی کنارے پر واقع کلورکوٹ کو مغربی کنارے پر واقع ڈھکی سے ملانے کیلئے مختصر ترین راستہ فراہم کرے گا۔اس وقت کلورکوٹ اور ڈھکی کے درمیان سب سے قریبی رابطہ براستہ چشمہ بیراج ہے،جس کی مسافت 80 کلومیٹر ہے،جو ڈیڑھ گھنٹہ میں طے ہوتی ہے۔جبکہ دوسرارابطہ ڈیرہ اسماعیل خان / دریا خان پل کا ہے،جس کا فاصلہ 126 کلومیٹر ہے،جو دو سے اڑھائی گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔مجوزہ پل کی تعمیر سے کلورکوٹ اور ڈھکی کے درمیان فاصلہ صرف 15کلومیٹر رہ جائے گا۔نیا پل پنجاب اور خیبر پختونخوا کے درمیان ایک نیا رابطہ فراہم کرے گا،جس سے دونوں صوبوں کے درمیا ن زرعی اجناس اور دیگر اشیاءکی آمدورفت آسان ہوگی۔ پل کی تعمیر سے شمال اور جنوب کے درمیان ایک اور ٹریفک کاریڈور میسر آئے گا۔