وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

125
APP56-06 ISLAMABAD: March 06 - Prime Minister Shahid Khaqan Abbasi chairing a meeting of the Federal Cabinet at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 06 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آفس میں ہوا۔ سیکرٹری پاور ڈویژن نے بجلی کی طلب و رسد اور موسم گرما خاص طور پر رمضان کے دوران بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے دستیاب صلاحیت سے کابینہ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ ماہ کے دوران تربیلہ 4- اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبوں سے قومی گرڈ میں اضافی بجلی شامل کی جائے گی جس کے نتیجہ میں موجودہ پیداواری صلاحیت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ اجلاس کو موجودہ لوڈ مینجمنٹ منصوبہ کے بارے میں بھی بتایا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں 2013ءسے بجلی کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو، تجارتی اور صنعتی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بلاتعطل بجلی کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیح ہے۔دریں اثنا کابینہ نے بجلی کی صورتحال اور آنے والے موسم گرما اور رمضان کے دوران صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے عزم پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس نے توانائی کے مسائل کے حل کے لئے موجودہ اور سابق وزیرکی کوششوں کو بھی سراہا۔ اجلاس میں ٹرانسمشن، ڈسٹری بیوشن اور بجلی کے واجبات کی وصولی جیسے اشوز کے حل کیلئے انتظامی معاملات کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا، وفاقی کابینہ نے نادرا کی خدمات صومالیہ کو دینے کے لئے صومالیہ اور حکومت پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یاداشت (ایم او یو) کی منظوری بھی دی۔