وزیر اعظم شہباز شریف اورایرانی صدرکے درمیان ٹیلیفونک گفتگو،خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام کے فروغ کیلئے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایرانی صدر کو خطے میں امن کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے 11 اور 12 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں منعقدہ مذاکرات میں ایران کے …

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایرانی صدر کو خطے میں امن کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے 11 اور 12 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں منعقدہ مذاکرات میں ایران کے اعلیٰ سطح کے وفد کی شرکت کو سراہا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق تقریباً پچاس منٹ تک جاری رہنے والی اس گرمجوش اور دوستانہ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے ایران کے اس فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایک وفد اسلام آباد بھیجا گیا، جس نے ان سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں وزیراعظم کے ساتھ دو گھنٹے طویل تفصیلی ملاقات بھی شامل تھی۔ وزیراعظم نے ایرانی صدر کو اپنی حالیہ سفارتی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف عالمی رہنماؤں سے ان کے رابطوں نے جنگ سے متاثرہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کی حمایت میں وسیع تر اتفاق رائے پیدا کرنے میں مدد دی ہے۔

وزیراعظم نے رواں ماہ کے اوائل میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ تہران کے دوران ایرانی قیادت کے ساتھ ہونے والی مفید بات چیت کو بھی سراہا۔ ایرانی صدر کو پاکستان کے خطے میں امن کے لیے پختہ عزم کا یقین دلاتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔ صدر پزشکیان نے وزیراعظم، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی امن کے لیے کاوشوں میں اہم کردار پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نےامن کیلئے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم اور وسیع ہوں گے۔ وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا پیغام بھی پہنچایا۔دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں اور قریبی مشاورت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزید خبریں