وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا دورہ کیا اور مسافروں کے امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا دورہ،امیگریشن پراسس کا جائزہ لیا

مزید خبریں
لاہور۔9اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا دورہ کیا اور مسافروں کے امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔
انہوں نے امیگریشن کائونٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے امیگریشن کے عمل اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ وفاقی وزیر نے امیگریشن کے منتظر مسافروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے امیگریشن پراسیس میں لگنے والے وقت کے بارے میں پوچھا۔ مسافروں نے بتایا کہ امیگریشن کے عمل میں تقریبا30 منٹ لگ رہے ہیں اور انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیر داخلہ نے مسافروں کی شکایت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے امیگریشن کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ایئرپورٹ پر تمام کائونٹرز کھلے رکھنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر کائونٹرز بھی کھلے ہونے سے امیگریشن میں تاخیر نہیں ہوگی اور مسافروں کو زیادہ سہولت میسر آئے گی۔ وزیر داخلہ نے مسافروں کو یقین دہانی کرائی کہ امیگریشن کے عمل کو مزید تیز اور موثر بنایا جائے گا اور مسافروں کو غیر ضروری انتظار کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
اس موقع پر ایک مسافر نے ایجنٹ کی جانب سے رقم لینے کی شکایت بھی کی۔ وزیر داخلہ نے شکایت کا موقع پر ہی نوٹس لیتے ہوئے معاملہ ڈائریکٹر ایف آئی اے کے سپرد کردیا اور متعلقہ ایجنٹ کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ نامکمل سفری دستاویزات پر کسی کو سفر کی اجازت ہرگز نہ دی جائے جبکہ مکمل دستاویزات رکھنے والے کسی مسافر کو سفر سے نہ روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے امیگریشن کا عمل آسان اور تیز ہوا ہے جبکہ جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ مکمل سفری دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور انہیں بلاوجہ مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔







