وزیر اعظم شہباز شریف سے ترک وزیرالپرسلان بیریکترکی ملاقات، توانائی، پٹرولیم اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے پاکستان کےپختہ عزم کا اعادہ

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ترکیہ کے ساتھ توانائی، پٹرولیم اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے …

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ترکیہ کے ساتھ توانائی، پٹرولیم اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپرسلان بیریکتر جو پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں، نے منگل کو یہاں وزیر اعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور ترکیہ کے ساتھ بالخصوص توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے توانائی، پٹرولیم اور معدنیات کے شعبوں میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ترکش پٹرولیم نے پاکستان میں تیل کی تلاش کے حوالے سے آف شوراور آن شور سرگرمیوں میں شمولیت اختیار کی ہے جو توانائی کے شعبے میں دو طرفہ تعاون میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے ترک کمپنیوں کو پاکستان کی توانائی کی مارکیٹ میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت بھی دی۔

رواں سال صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ اپنی متعدد ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے تیزی سے بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی ماحول کے تناظر میں فریقین کے درمیان قریبی رابطہ کاری کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ بیان کے مطابق فریقین کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کا وزارتی وفد جلد ہی ترکیہ کا دورہ کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص توانائی اور بجلی کے شعبے میں مزید تعاون تلاش کیا جا سکے۔

ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹرمحمد اسحاق ڈار، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر پاور ڈویژن سردار اویس خان لغاری، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی اور اعلیٰ حکومتی حکام بھی موجود تھے۔ دونوں رہنمائوں نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان کان کنی کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں کے تبادلے کا بھی مشاہدہ کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان ڈیڈ آف اسائنمنٹ -ایسٹرن آف شور انڈس-سی، پٹرولیم کنسیشن ایگریمنٹ زیارت نارتھ بلاک، پٹرولیم کنسیشن ایگریمنٹ سکھ پور-II بلاک، ڈیپ ایف بلاک ای بلاک ڈیپ ایف بلاک اور ایف بلاک ڈیپ بلاک کا تبادلہ ہوا ۔