وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیوی ڈے کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8 ستمبر پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں، شجاعت اور بے مثال کارناموں کی یاد دلاتا ہے۔
پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کو سلام ، 8 ستمبر ان کی عظیم قربانیوں، شجاعت اور بے مثال کارناموں کی یاد دلاتا ہے، محسن نقوی

مزید خبریں
اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیوی ڈے کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8 ستمبر پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں، شجاعت اور بے مثال کارناموں کی یاد دلاتا ہے۔
وزیر داخلہ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاک بحریہ کے جانبازوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں، بہادری اور قربانیاں قوم کے لیے باعث فخر ہیں اور پوری قوم اپنے غازیوں اور شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 ستمبر 1965ء کا دن پاک بحریہ کی تاریخ ساز کامیابیوں کا درخشاں باب ہے جب بحریہ کے شیر دل جوانوں نے اپنی سمندری سرحدوں کا ناقابلِ تسخیر دفاع کر کے تاریخ رقم کی۔ محسن نقوی نے آپریشن دوارکا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی معرکے میں پاک بحریہ نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا اور 1965ء کی جنگ میں مخالف کو دندان شکن جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک بحریہ کی چوکسی اور چاق و چوبند تیاری کے باعث ہی دشمن کراچی پر حملہ کرنے کی جرات نہ کر سکا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک بحریہ ملکی سمندری حدود کی اصل محافظ ہے اور اس کے جوانوں نے ہر آزمائش اور چیلنج میں ملکی دفاع کو مضبوط ترین بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کی جدید جنگی صلاحیتیں اور اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار نہ صرف قابلِ تحسین ہیں بلکہ شہدائے پاک بحریہ کی عظیم قربانیاں پوری قوم کا بیش قیمت اثاثہ ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔







