اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی۔ ایوان میں مختلف وزارتوں کے مطالبات زر کی منظوری کا عمل جاری تھا کہ اس دوران وزیراعظم وفاقی وزیر ایاز صادق اور دیگر کے ہمراہ ایوان میں آئے۔ ارکان نے ڈیسک بجا کر وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم سے ایوان میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین ملاقاتیں کرتے رہے اور اپنے حلقے کے مسائل سے انہیں آگاہ کرتے رہے۔ وزیراعظم نے بعض اراکین کے مسائل پر موقع پر ہی احکامات بھی جاری کئے۔
وزیراعظم سے قمرزمان کائرہ، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، سردار ایاز صادق، مرتضیٰ جاوید عباسی، عائشہ رجب بلوچ، ڈاکٹر رمیش کمار وینکوانی، شاہ زین بگٹی، رانا تنویر حسین، شگفتہ جمانی، ڈاکٹر نثار چیمہ، رانا تنویر الحسن نور اور دیگر نے بھی ملاقاتیں کیں۔