وزیر اعظم شہباز شریف 10 تا 11 اپریل بیلاروس کا دورہ کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

125
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی دعوت پر 10 سے 11 اپریل تک جمہوریہ بیلاروس کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے علاوہ دیگر وزرا اور اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں۔

بیان کے مطابق یہ دورہ نومبر 2024 میں صدر لوکاشینکو کے پاکستان کے اہم دورے کے بعد ہورہا ہے۔ اپنے قیام کے دوران وزیراعظم باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے صدر لوکاشینکو سے بات چیت کریں گے۔ بیان کے مطابق گزشتہ چھ مہینوں کے دوران اعلیٰ سطحی دوطرفہ مصروفیات کا سلسلہ جاری ہے، اس سال فروری میں مشترکہ وزارتی کمیشن کا 8 واں اجلاس منعقد ہوا جبکہ اپریل 2025 میں ایک اعلیٰ اختیاراتی وزارتی وفد کے بیلاروس کے دورہ نے ایک نتیجہ خیز دورے کی بنیاد رکھی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیاہے کہ توقع ہے کہ دونوں فریق تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے متعدد معاہدوں پر دستخط کریں گے۔ وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مضبوط اور جاری شراکت داری کو اجاگر کرتا ہے۔