اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان آج جمعہ کو رشکئی ترجیحی خصوصی اکنامک زون کے کمرشل لانچ کی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ وزیر اعظم میڈیا آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چائنہ کی انٹر پرائز “سینچری اسٹیل پرائیویٹ لمیٹیڈ” کی 366 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے تعمیر کا آج آغاز ہو رہا ہے۔
رشکئی ترجیحی خصوصی اکنامک زون چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کلسٹر کا ایک حصہ ہے جوصوبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔پاکستان اور چائنا سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل اور چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کو بی آر آئی کے ایک اعلی معیار کا مظہر بنانے کے لئے پُرعزم ہیں۔رشکئی ترجیحی خصوصی اکنامک زون چائنا پاکستان اقتصادی راہداری فریم ورک کے تحت خیبر پختونخوا حکومت اور خیبر پختونخوا اقتصادی زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (KPEZDMC) کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔
رشکئی ترجیحی خصوصی اکنامک زون تقریباً ایک ہزار ایکڑ اراضی پر محیط ہے جو ایم ون موٹروے پر چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری روٹ اور صوبے کے دیگر اضلاع سے منسلک ہے ، جس کی بدولت یہ منصوبہ تزویراتی لحاظ سے نمایاں حیثیت کا حامل ہے۔
رشکئی ترجیحی خصوصی اکنامک زون کی تکمیل چین کی ریاستی ملکیتی انٹرپرائز “چائنا روڈ اینڈ برج کارپوریشن (CRBC)” اور “خیبر پختونخوا اقتصادی زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (KPEZDMC)”کے اشتراک سے کی جا رہی ہے۔رشکئی ترجیحی خصوصی اکنامک زون میں دواسازی ، ٹیکسٹائل ، فوڈ اینڈ بیوریجز ، اسٹیل اور انجینئرنگ سے متعلقہ مختلف صنعتیں ہوں گی۔ 700 ایکڑ اراضی کی لیز کے ضمن میں اب تک 2 ہزار ایکڑ اراضی سے زیادہ کے لئے آن لائن درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔
اس منصوبے سے کے تقریبا دو لاکھ مقامی افراد کو بلا واسطہ اور بالواسطہ ملازمت کے مواقع میسر ہوں گے۔