وزیر اعظم عمران خان افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر جمعرات کو کابل کا دورہ کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

186

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر (آج جمعرات) کو کابل کا دورہ کریں گے۔وزیرا عظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کا وفد وزیر خارجہ، مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری ، اور دیگر اعلی حکام پر مشتمل ہوگا۔وزیر اعظم کے پروگرام میں افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ ملاقات ، وفود کی سطح پر بات چیت اور مشترکہ پریس کانفرنس شامل ہیں۔ملاقاتوں اور بات چیت کے دوران پاکستان اور افغانستان کے مابین دوطرفہ تعلقات ، افغان امن عمل ، اور علاقائی معاشی ترقی اور رابطوں کو مزید مستحکم کرنے سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔وزیر اعظم کا یہ دورہ پاکستان اور افغانستان کے مابین مسلسل اعلی سطح کے تبادلوں کا حصہ ہے۔ افغان صدر اشرف غنی نے آخری بار جون 2019 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس سے قبل دونوں رہنماؤں نے مئی 2019 میں مکہ مکرمہ میں 14 ویں او آئی سی سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی تھی۔اس کے علاوہ ستمبر 2020 میں وزیر اعظم نے افغان صدر اشرف غنی سے ٹیلیفونک گفتگو بھی کی تھی۔وزیر اعظم کے دورہ کا مقصد دونوں ملکوں کے مابین متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس تناظر میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حال ہی میں اپنے افغان ہم منصب کے ساتھ ملاقات کی تھی جبکہ حال ہی میں افغانستان سے چیئرمین برائے قومی مفاہمت (ایچ سی این آر) ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ ، سپیکر افغان وولیسی جرگہ رحمن رحمانی ، اور وزیر تجارت نثار پاکستان کے اہم دورے پر آئے تھے۔ پاکستان اور افغانستان کے عوام تاریخی ، مذہبی ، ثقافتی ، قرابت ، اقدار اور روایات کے مشترک بندھنوں کے ذریعے جڑے ہوئے ہیں۔ وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم کا افغانستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔وزیر اعظم پاکستا ن عمران خان کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے مابین مضبوط اور کثیر الجہتی تعلقات کو فروغ دینے میں معاون ہوگا۔