وزیر اعظم عمران خان اہم بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر موثر انداز سے اٹھا رہے ہیں، چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اے پی پی) چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان تمام اہم بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر موثر انداز سے اٹھا رہے ہیں، پاکستان نے قومی اسمبلی کے فورم سے دنیا کو بھارتی جیلوں میں طویل عرصے سے قید کشمیری رہنماو¿ں کی حالت زار کے بارے میں آگاہ کیا ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دیا جانا چاہیے۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کمیٹی نے بھارتی حکمرانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے مبصرین کو مقبوضہ وادی کا دورہ کرنے کی اجازت دیں جہاں گزشتہ کئی دہائیوں سے انسانی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے اور لوگ بدترین حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے تاکہ وہ آزادانہ اور پر امن طریقے سے زندگی گزار سکیں۔ سید فخر امام نے کہا کہ بھارتی افواج اور ان کے حکمرانوں کی بالادستی کی پالیسی اس خطے میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے کشمیر کے بارے میں یو این ایس سی کی قرارداد پر عملدرآمد کرایں۔ ایک سوال کے جواب میں چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی اور معاشی شعبوں کو مضبوط بنانے سے کشمیر کی صورتحال کو بہتر بنانے میں یقینی طور پر مدد ملے گی۔