وزیر اعظم عمران خان جمعہ کو سکھر کا دورہ کریں گے، وزیراعظم سندھ کے 14 ترجیحی اضلاع کے لئے 446 ارب کے میگا ترقیاتی منصوبے کا اعلان کریں گے، وزیراعظم سندھ میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیں گے

174

اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان  جمعہ کو سکھر ،سندھ کا دورہ کریں گے جہاں وہ سندھ کے 14 ترجیحی اضلاع کے لئے 446 ارب کے میگا ترقیاتی منصوبے کا اعلان کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم سندھ میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیں گے ۔ میگا ترقیاتی پیکج کا محور سندھ کےپسماندہ علاقے اور معاشرے کے محروم طبقات ہیں۔ ترجیحی اضلاع میں بدین، حیدرآباد، لاڑکانہ، ٹنڈو اللہ یار، دادو، جیکب آباد، میر پور خاص، ٹنڈو محمد خان، گھوٹکی، خیر پور، نوشیرو فیروز، سانگھڑ، شکار پور اور سکھر شامل ہیں۔ ترقیاتی منصوبے کے تحت 306 کلومیٹر سکھر حیدرآباد موٹر وے سے ملک بھر کے مسافر مستفید ہوں گے۔

منصوبہ کے تحت ریلوے اسٹیشنز کو اپ گریڈ کیا جائیگا اس سے نجی سرمایہ کاری آئے گی اور مسافروں کو سہولیات ملیں گی، توانائی کے منصوبوں سے بجلی چوری اور خسارہ جات میں کمی آئے گی، ،30 ہزار سالانہ نئے کنیکشن دیئے جائیں گے اور آئندہ تین سالوں میں 26 ارب تک محصولات میں اضافہ ہو گا۔ 1490 کلومیٹر انفراسٹرکچر کی بحالی سے گیس کی بلا تعطل سپلائی ممکن ہو گی۔160 دیہاتوں کو گیس فراہم کی جائے گی جس سے 5074 گھرانے مستفید ہوں گے ۔نائی گج ڈیم سے 28800 ایکڑ رقبہ سیراب ہو گا ۔نکاسئ آب کا نظام گھوٹکی ضلع کے دہائیوں پرانے مسئلہ کو حل کرے گا۔ ماحولیاتی نظام کی بہتری سے دو لاکھ ایکڑ کی بحالی اور ہزاروں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

منصوبہ کے تحت عاقل اگنی لوپ بند کی مضبوطی موہنجو دڑو کے تاریخی مقام کو مزید مستحکم بنانے کا سبب بنے گی۔ وزیر اعظم کے نوجوان پروگرام کے تحت ایک ہزار نوجوانوں کو 4.8 ارب کا قرض دیا جائیگا،ڈیجیٹل سکل ٹریننگ پروگرام کے تحت 104617 طلباء کو تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ 52 فیصد کی ہائر ایجوکیشن تک رسائی ممکن ہو گی۔130000 نوجوانوں بشمول 35000 طالبات کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

نادرا این آر سیز کے ذریعے 50 لاکھ مقامی افراد مستفید ہوں گے۔14 پاسپورٹ دفاتر کی اپ گریڈیشن سے 2 لاکھ افراد کو پاسپورٹ کے حصول کی سہولت میسر ہو گی۔ ہائ سپیڈ 3جی اور 4 جی کی سہولت سے 37 لاکھ کی آبادی مستفید ہو گی۔ 12 لاکھ افراد آپٹیکل فائبر کیبل نیٹ ورک سے فائدہ اٹھائیں گے