وزیر اعظم عمران خان روایتی سیاستدان نہیں ہیں ،وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی

اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان روایتی سیاستدان نہیں ہیں اور وہ بڑے بڑے دعوئوں کی بجائے کارکردگی پر پختہ یقین رکھتے ہیں، حکمت عملی تشکیل دینا ایک معمول کا معاملہ ہے لیکن عوام کو مطمئن کرنا سیاست میں بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ کوئی غیر معمولی یا نئی بات نہیں ہے کہ حکومتی سیاسی اتحاد نے وزیر اعظم کے ظہرانے میں شرکت نہیں کی بلکہ یہ جمہوری نظام کا حصہ اور جمہوریت کی خوبصورتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اتحادیوں کے مطالبات ایسے نہیں کہ ان پر عمل نہ کیا جا سکے اور امید ہےکہ حکومت اس معاملے کو مثبت انداز سے حل کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) موجودہ حکومت کی اتحادی ہی رہے گی۔