اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان سے ازبکستان کی سلامتی کونسل کے سیکرٹری (قومی سلامتی کے مشیر) لیفٹیننٹ جنرل وکٹر مخمودوف نے منگل کو یہاں ملاقات کی اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئف کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے تجارتی اور اقتصادی روابط بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا اور علاقائی رابطوں کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، سلامتی اور تعلیم کے شعبوں سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی رابطوں پر زور دیا۔علاقائی تناظر میں وزیراعظم عمران خان نے پرامن اور مستحکم افغانستان کی اہمیت اور علاقائی انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔
وزیراعظم نے ازبک صدر کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔قبل ازیں ازبکستان کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل وکٹر مخمودوف اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف نے ایک تاریخی "پروٹوکول آن جوائنٹ سیکورٹی کمیشن” پر دستخط کیے۔
ازبکستان کی سلامتی کونسل کے سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل وکٹر مخمودوف پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں اور وہ طورخم بارڈر اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کا دورہ کریں گے۔