ابوظہبی۔2نومبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، پاکستان کے 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا سکی، محمد رضوان کو شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ منگل کو ابوظہبی کے شیخ …
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ،پاکستان نے نمیبیا کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، محمد رضوان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

مزید خبریں
ابوظہبی۔2نومبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، پاکستان کے 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا سکی،
محمد رضوان کو شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ منگل کو ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ ٹو کے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے مقررہ اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ کپتان بابراعظم اور محمد رضوان کی اوپننگ جوڑی نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 113 رنز کی شراکت قائم کی۔ بابراعظم 49 بالوں پر 70 رنز کی اننگز کھیل کر ڈیوڈ ویزے کی بال پر آئوٹ ہوئے۔
محمد رضوان نے 50 بالوں پر 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں چار چھکے اور آٹھ چوکے شامل ہیں۔ پاکستان کے دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے۔
وہ پانچ رنز بنا کر فریلنک کی بال پر آئوٹ ہوئے۔ محمد حفیظ نے 16 بالوں پر 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ پاکستان کے 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا پائی۔ نمیبیا کے آل رائونڈر ڈیوڈ ویزے نے 30 بالوں پر 43 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ کریگ ولیمز نے 40 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
اوپنر سٹیفن بارڈ 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے حسن علی، عماد وسیم، حارث رئوف اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح پاکستان نے نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ محمد رضوان کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ واضح رہے پاکستان کرکٹ ٹیم گروپ ٹو میں چار میچوں میں مسلسل فتوحات کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔








