وزیر اعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر انتہائی جرات اور استدلال سے اقوام عالم کو آئینہ دکھایا ، شیخ رشید احمد

68

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ سے خطاب پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر انتہائی جرات اور استدلال سے اقوام عالم کو آئینہ دکھایا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ہفتہ کو وزیر اعظم عمران خان کے جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس کے موقع پر خطاب پر رد عمل دیتے ہو ئے اپنے بیان میں کہا کہ اپنے خطاب میں وزیراعظم نے دنیا میں بڑھتی ہوئی معاشی اورسماجی بے چینی کے اسباب کا احاطہ کیا ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں افغان مسئلہ کو درست سیاق وسباق میں دنیا کے سامنے رکھا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے دنیا کو انتہائی جرات سے یہ بھی بتایا کہ کس طرح سپر پاورز نے افغانستان میں کھیل کھیلے۔

شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے افغان مجاہدین کے قیام اور طالبان کے اقتدار میں آنے تک کی داستان دنیا کے سامنے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو باور کروایا کہ آج افغانستان میں حالات کا ذمہ دار پاکستان نہیں بلکہ امریکہ اور دیگرممالک ہیں۔

انہوں نے پوری دنیا کو بتایا کہ پاکستان نے امریکہ اور اتحادی افواج کا ساتھ دیکر بہت بھاری قیمت ادا کی ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم نے دنیا کو یہ بھی بتایا کہ کس طرح امریکہ نے پاکستان کو دہشت گردی کے رحم وکرم پراکیلا چھوڑ دیا۔ موجودہ حالات میں افغانیوں کو تنہا نہ چھوڑنے کی اپیل وزیر اعظم عمران خان کی انسان دوست پالیسی کی عکاس ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر دنیا کو مودی کے ہندوستان کا فاشسٹ چہرہ بھی دکھایا ہے، اقوام عالم کو باورکروانے کے کوشش کی ہے کہ کس طرح ہندوتوا نظریہ اقلیتوں کو کچل رہا ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیراور ہندوستانی افواج کی سید علی گیلانی کی میت کی بے حرمتی کو بھی دنیا کے سامنے رکھا۔ وزیر اعظم نے اقوام عالم کو یہ بھی بتایا کہ ترقی یافتہ ممالک غریب ملکوں کی لوٹی ہوئی دولت کو تحفظ دے رہے ہیں۔

شیخ رشید احمد نے امید ظاہر کی کہ اقوام عالم وزیر اعظم عمران خان کے خطاب سے رہنمائی لیکر درست پالیسیاں بنائیں گی۔