وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر موثر انداز میں اٹھا کر بین الاقوامی بنادیا ، علی محمد خان

94

اسلام آباد ۔ 5 ستمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو ہر دستیاب فورم پر موثر انداز میں اٹھا کر بین الاقوامی شکل دے دی ہے۔جمعرات کو ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ملک ہونے کے ناطے بھارت کے ساتھ بات چیت کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو حل کرنا چاہتا ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی امن خواہش کو کمزوری نہ سمجھنا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے مابین ایک فلیش پوائنٹ ہے۔پاکستان کشمیریوں کی ہر فورم پرسفارتی اور اخلاقی طور پر حمایت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب فضل الرحمن کشمیر کمیٹی کے چیئرمین تھے تو بین الاقوامی سطح پر بھارتی بہیمانہ مظالم کو اجاگر کرنے کے لئے اس مسئلے پر ایک بھی کانفرنس نہیں کی تھی۔علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے شادی کی ایک تقریب میں مودی کا لاہور میں خیرمقدم کیا تھا ، جو گجرات کے مسلمان اور مظلوم کشمیری عوام کا قاتل ہے۔