اسلام آباد ۔ 14 جون (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے امن، استحکام اور خوشحالی کے لئے 8 نکاتی ایجنڈا پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی تمام ممالک سے اچھے تعلقات کی بنیاد پر استوار ہے۔ ایس سی او کے پلیٹ فارم سے خطے کی ترقی اور باہمی اختلافات کے پر امن حل سمیت غربت کے خاتمے اور باہمی تجارت کے فروغ کے حوالے سے ایجنڈا پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے تجویز پیش کی کہ ایس سی او فنڈ اور ترقیاتی بینک کے قیام، ثقافتی۔ سیاحتی راہداری کا قیام، بدعنوانی اور وائٹ کالر کرائم کے خاتمے کے لئے جامع حکمت عملی پر زور دینے کی ضرورت ہے، تصادم کو مسترد کرتے ہوئے ہمیں امن بقائے باہمی کی بنیاد پر تصادم کے خطرات کو کم کرنا ہو گا، خطے کی ترقی کے لئے افغانستان میں امن ضروری ہے، پاکستان افغانستان میں افغان قیادت کے ذریعے پر امن حل کا خواہشمند ہے۔ افغان مسائل کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لئے چین اور روس کے تعاون کو سراہتے ہیں۔